پیر، 2 نومبر، 2015

یہ مائیں بھی نا!!

yah_mayain_bhi_na
ڈاکٹر احمد کی امی کو جواب دے چکے تھے، اب وہ ہسپتال کے ایک کونے میں پڑی اپنی تکلیف دہ زندگی کے عوض ایک پرسکون موت کی دعائیں مانگ رہی تھیں۔

احمد شدید پریشان تھا۔ اسے کسی نے بتایا کہ ایک پیر صاحب کچھ دعائیں لکھ کر دیتے ہیں جنہیں پڑھنے سے مریض کو شفاء ہو جاتی ہے۔ احمد بھاگا بھاگا گیا
اور ان سے دعائیں لکھوا کر لے آیا۔

ہسپتال آ کر اپنی ماں سے بولا "یہ دعائیں پڑھ کر اپنے اوپر تین بار پھونکیں، پیر صاحب کہتے ہیں جو یہ دعائیں پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لے اسے دنیا کی کوئی تکلیف پریشانی تنگ نہیں کرتی۔"

"واقعی؟" انہوں نے کراہتے ہوئے سوال کیا۔ زرد آنکھوں میں امید کی شمعیں جلنے لگیں۔


"جی امی" احمد نے جواب دیا اور ان کی ٹانگوں پر سر رکھ کر زمین پر بیٹھ گیا۔

اس کی امی ہلکی آواز میں دعائیں پڑھنے لگیں۔ پھر یکلخت ان کی آواز آنا بند ہوگئی۔

احمد نے گھبرا کر اوپر دیکھا "امی؟؟"

وہ مسکرا رہی تھیں، دعا ختم ہو چکی تھی، انہوں نے احمد کا چہرہ دونوں ہاتھوں میں تھاما، اس کے چہرے پر تین بار پھونک ماری اور مطمئن ہو کر آنکھیں بند کر لیں۔

؎ فراز عادل

 

(فراز عادل کی مزید مزاحیہ تحریریں پڑھیں: میری ناک، کارساز کی چڑیل، جدید پاکستانی فلمیں بنانے کا طریقہ، تو کبوتر ہے بسیرا کر، عادل نیوز قسط: زار و قطار)


تحریر شیئر کرنا اور فیس بک پیج لائک کرنا ہرگز نہ بھولئے گا!  Fb.com/FarazAdilPen



0 comments:

Facebook Blogger Plugin: Bloggerized by AllBlogTools.com Enhanced by MyBloggerTricks.com

ایک تبصرہ شائع کریں