پیر، 22 جون، 2015

روزے میں گرمی توڑیں

روزے میں گرمی سے بچاؤ:


How to cool down your body during fasting
روزے دارو ۔ ۔ اللہ نبی کے پیارو۔ ۔  آپ سب کو میرا اسلام و علیکم:

سب ہی گرمی سے پریشان اور لوڈ شیڈنگ سے عاجز ہیں لیکن موسم اب بس بہتر ہوا ہی چاہتا ہے انشاء اللہ جیسا کہ خبروں میں بھی بتایا گیا ہے کہ پری مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہو چکا ہے۔ اللہ تعالی اپنے بندوں کو ان کی ہمت سے زیادہ نہیں آزماتا۔

کچھ ممبرز کا اصرار ہے کہ روزے میں پیاس سے بچنے کے ٹوٹکے بتاؤں۔ افسوس کہ میں زبیدہ آپا نہیں ورنہ
ضرور بتا دیتا۔ ویسے بھی پیاس سے بچنے کا کوئی ٹوٹکا 30 ڈگری سے اوپر ٹمپریچر پر کام نہیں آتا اور 40 کے بعد تو آپا کو بھی پانی کے چھینٹے مار کر ہوش میں لانا پڑتا ہے۔ پھر چاہے آپ سہری میں سوڈیم کھائیں پوٹاشیم کھائیں یا فاسفورس پھانک لیں پیاس کو آپ کنٹرول نہیں کر سکتے۔ ہاں ایک چیز جو آپ کر سکتے ہیں وہ ہے روزے کے دوران جسم کو ٹھنڈا رکھنا۔

اب تک آپ سب نے بہت اچھے سے نوٹ کر لیا ہوگا کہ جیسے زمین اور دیواریں گرمائش اگلتی ہیں ویسے ہی ہمارا جسم بھی اس گرمی میں تپنے لگ جاتا ہے، یعنی گرمائش ہمارے اندر بڑھتی چلی جاتی ہے، پیاس اپنی جگہ پر مگر یہ بڑھتی گرمائش متلی، اضطراب، قلبی بے چینی اور ایسی ہی دیگر کیفیات کی وجہ بنتی ہے۔ لیکن بات صرف یہیں تک ختم نہیں ہوتی۔ جب جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے تو آپ ہیٹ سٹروک کی سب سے خطرناک قسم  کا شکار ہوجاتے ہیں۔ جی ہاں، یہ وہی قاتل ہیٹ سٹروک ہے جس نے اب تک سندھ میں کئی انسانوں کی جان لے لی ہے۔ ہیٹ سٹروک میں انسان کا جسم درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے اور اکثر و بیشتر موت واقع ہوجاتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ پانی پیے بغیر اس گرمائش کو کیسے ختم کیا جائے۔

سر پر ٹھنڈا پانی ڈال کر روزے کی گرمی توڑنا حضورِ اقدس ﷺ سے ثابت ہے۔ یعنی اگر وقفے وقفے سے سر پر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے تو جسم کی گرمی کم کی جا سکتی ہے۔ نیز نہایا بھی جا سکتا ہے۔

اب نہانے اور سر پر پانی ڈالنے میں یہ مسئلہ سامنے آتا ہے کہ نلوں میں پانی ابلتا ہوا آ رہا ہے تو ایسے پانی کو گرمی توڑنے کیلئے کیسے استعمال کیا جائے؟ اس کا آسان سا حل ہے کہ استری کے وقت کام آنے والی اسپرے گن بھر کر فریج میں رکھ دیں۔ جب بھی زیادہ بے چینی ہو ٹھنڈے پانی کی گن نکال کر گدی، کہنیوں کے اندرونی  حصے، کلائیوں کے الٹی طرف، گھٹنوں کے پیچھے، پنڈلیوں اور پیروں کے تلوں پر ٹھنڈے پانی سے اسپرے کریں۔ یہ سارے پلسنگ پوائنٹس کہلاتے ہیں جہاں سے خون کی بھاری مقدار گزرا کرتی ہے۔ یہی خون اپنے ساتھ جسم کی گرمائش کو بھی لیکر دوڑ رہا ہوتا ہے۔ ان پوائنٹس پر ٹھنڈا پانی اسپرے کرنے سے خون میں دوڑتی گرمائش فوری طور پر ختم ہوجاتی ہے اور ایکدم سکون مل جاتا ہے۔ اس عمل سے کچھ گھنٹوں تک کیلئے لازمی طور پر قرار حاصل کیا جا سکتا ہے۔

خود بھی اس پر عمل کر کہ دیکھیں اور دوسرے روزے داروں کے ساتھ بھی لازمی شیئر کریں۔ شکریہ

؎فراز عادل



0 comments:

Facebook Blogger Plugin: Bloggerized by AllBlogTools.com Enhanced by MyBloggerTricks.com

ایک تبصرہ شائع کریں