اتوار، 19 جولائی، 2015

داستان ۔ ۔ !!

داستان ۔ ۔

Funny Urdu story on Eid day
Pic Source 1: https://www.worldslastchance.com
Pic Source2:http://saber-studio.aminus3.com/
Pic Source 3: http://interestingliterature.com/

15 جولائی، سنہ 3089 ۔ ۔

تیسری جنگِ عظیم کے بعد اب دنیا لگ بھگ تمام سانس لینے والوں سے محروم ہوچکی تھی۔ ۔  امریکہ برطانیہ فرانس روس چین پاکستان بھارت سب نے ایک دوسرے پر جوہری بم گرا کر دنیا کو تہس نہس کر دیا تھا۔ ۔ ۔  مگر شاید قیامت اب بھی آنا باقی تھی ۔ ۔ کیونکہ کچھ اجسام اس تباہ شدہ دنیا میں ایسے موجود تھے جو اب بھی ہوا پانی خرچ کر رہے تھے ۔ ۔  جو سفر کر رہے تھے ویران کھنڈرات جیسی اس مسمار شدہ دنیا میں  ۔ ۔ تاکہ اپنی تاریخ جان سکیں ۔ ۔ اپنے نکتہ آغاز کا پتہ لگا سکیں ۔ ۔ بربادی کی پرتوں تلے دفن انسانی تہذیبوں کو نکال سکیں تاکہ انسان جینے کا ڈھب دوبارہ سیکھ سکے ۔ ۔ بچی کچی انسانیت کی آخری امیدیں ان سے وابستہ تھیں ۔ ۔


انہی کوششوں میں سرگرداں ایک نوجوان ۔ ۔ پہاڑوں کو سر کرتا  ۔ ۔ میدانوں کو پار کرتا ۔ ۔  دریاؤں کو چیرتا ۔ ۔  ایک نئے ملک آ پہنچا ۔ ۔

چلتے چلتے اچانک اس کی نظر زمین میں نیم دفن ہوا سے ہلتے ایک گتے نما کاغذ کی طرف پڑی ۔ ۔ گو کہ وہ مٹی میں اٹا ہوا تھا مگر اس کے باوجود اس پر خوبصورت رنگوں سے کی ہوئی دلکش خطاطی دور سے واضح ہوتی تھی تھی ۔ ۔ نوجوان لپک کر اس کی طرف بڑھا اور اسے اٹھا کر پڑھنے لگا ۔ ۔ ۔

یہ کوئی معمولی عبارت نہیں تھی ۔ ۔  اس پر نظم کی صورت ایک داستان درج تھی ۔ ۔  انسانی جذبات سے بھرپور ایک داستان ۔ ۔ اچھے دن آ جانے کی خوشخبری ۔ ۔ ایک پریمی کی دوسرے پریمی سے ملنے کی معصوم سی خواہش ۔ ۔ حادثہ ۔ ۔  نوجوان جیسے جیسے اسے پڑھتا گیا اس پر دیوانگی کی کیفیات طاری ہونے لگیں ۔ ۔ کاغذ کی طرف بغور دیکھتے دیکھتے یکایک ہنسنے لگتا اور ایسا ہنستا کہ گھنٹوں لوٹ پوٹ ہوتا رہتا ۔ ۔ پھر دوبارہ کاغذ کی طرف دیکھتا تو ایسی دردناک چیخ مار کر بین ڈالتا کہ مردے بھی بے تاب ہوجاتے ۔ ۔ گریباں چاک کر کہ کف بکتا  ۔ ۔ وادی وادی گھومتا ۔ ۔ سر پر خاک ڈالتا اور بے حال ہو کر اچھے دنوں کے واپس آنے کے خواب دیکھتا ۔ ۔ ۔ پھر دوبارہ کاغذ پڑھتا اور ہنسنا شروع کردیتا  ۔ ۔ ۔

کاغذ پر لکھا تھا ۔ ۔

چاول چنتے چنتے نیند آگئی
صبح اٹھ کر دیکھا تو عید آگئی   (اچھے دن آنے کی خوشخبری)

چھوٹی سی چڑیا گاتی ہے گانا
عید کے دن میرے گھر ضرور آنا  (پریمیوں کے ملنے کی معصوم سی خواہش)

عید آئی ہے زمانے میں ۔ ۔
محبوب گر پڑا غسل خانے میں (ٹریجیڈی)


بس اب آگے کیا کہوں دوستو ۔ ۔ میرا تو خود رو رو کر برا حال ہو رہا ہے ۔ ۔ بہرحال آپ سب کو عید مبارک!!



0 comments:

Facebook Blogger Plugin: Bloggerized by AllBlogTools.com Enhanced by MyBloggerTricks.com

ایک تبصرہ شائع کریں